جہانگیر ترین گروپ کا اجلاس، پنجاب میں تبدیلی کی صورت میں وزیر اعلی کے نام پر غور

لاہور (قدرت روزنامہ)لاہور میں جہانگیر ترین گروپ کا اجلاس ہوا ہے جس میں پنجاب میں ممکنہ تبدیلی کی صورت میں ترین گروپ وزیر اعلی کے لیے نام پر غور کیا جارہا ہے۔
لاہور میں عون چوہدری کی رہائش گاہ پر جہانگیر ترین گروپ کے ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا ہے، جس میں صوبائی وزرا نعمان لنگڑیال اور اجمل چیمہ، عون چوہدری اور فیصل حیات جبوانہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں جہانگیر ترین نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس کے دوران عون چوہدری نے ہم خیال ارکان اسمبلی کو وفاقی وزیر پرویز خٹک کے رابطے سے آگاہ کیا۔
اس موقع پر پنجاب میں ممکنہ تبدیلی کی صورت میں اپنے گروپ کی جانب سے وزیر اعلی کے لیے نام پر بھی غور کیا گیا۔
واضح رہے کہ جہانگیر ترین کے گروپ میں تحریک انصاف کے 6 ارکان قومی اسمبلی اور 18 کے قریب ارکان پنجاب اسمبلی شامل ہیں۔گزشتہ روز علیم خان نے بھی جہانگیر ترین کے گروپ میں شامل ہونے کا فیصلہ اعلان کیا تھا۔