پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی؛ جہانگیر ترین گروپ نے اپوزیشن سے وزارت اعلٰی مانگ لی

لاہور (قدرت روزنامہ)پنجاب میں ان ہاؤس تبدیلی کے لیے جہانگیر ترین گروپ سے اپوزیشن کے بیک ڈور رابطوں میں اہم معاملات طے پانے لگے ہیں۔جہانگیر ترین گروپ اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان اب ان ہاؤس تبدیلی کے بعد کی صورت حال سے متعلق فارمولے پر مشاورت جاری ہے۔
اس سلسلے میں جہانگیر ترین گروپ نے مسلم لیگ (ن) کو ابتدائی فارمولا دے دیا ہے۔ترین گروپ نے وزیراعلی کے ساتھ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف بھی عدم اعتماد کی تجویز دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ نے پنجاب میں وزارت اعلٰی کا منصب مانگ لیا ہے، اس کے علاوہ اسپیکر شپ پیپلز پارٹی کو اور سینیئر وزیر (ن) لیگ سے بنانے کی تجویز پیش کی ہے۔
دوسری جانب علیم خان بھی جہانگیر ترین سے ملاقات کے لیے لندن روانہ ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ علیم خان گروپ میں 18 ارکان پنجاب اسمبلی شامل ہیں جب کہ علیم خان کو بھی کئی ارکان کی درپردہ حمایت حاصل ہے۔