ایسا لگتا ہے ایک زرداری پوری حکومت پر بھاری پڑگیا، شیری رحمان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پیپلز پارٹی کے نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی اردو عمران خان سے اچھی ہے۔وزیراعظم کی تقریر پر ردعمل میں شیری رحمان نے کہا کہ ایسا لگتا ہے ایک آصف علی زرداری پوری حکومت پر بھاری پڑگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نیازی کی بدتمیزی اور نازیبا زبان سے لگتا ہے، وہ گھبرا گئے ہیں۔
پی پی نائب صدر نے استفسار کیا کہ کہتے ہیں آصف زرداری میری بندوق کی نوک پر ہے، کیا ہم انہیں ٹارگٹ کلر کہیں؟اُن کا کہنا تھا کہ ان کی بوکھلاہٹ لانگ مارچ اور عدم اعتماد کی پہلی کامیابی ہے، کہتے ہیں بلاول کو اردو سکھائیں، بلاول کی اردو آپ سے بہتر ہے۔
شیری رحمان نے مزید کہاکہ آپ دوسروں کی فکر نہ کریں اپنے ارکان سنبھالیں، آپ کی اور آپ کے ارکان کی دوڑیں لگ گئی ہیں۔انہوں نے کہاکہ آپ کشکول لےکر ووٹوں کیلئے اتحادیوں کے پاس پھررہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری کا عوامی مارچ حکومت کے اعصاب پر سوار ہے۔