بلاول میرے والد پر بہتان لگانے سے پہلے حقائق معلوم کر لیں: علیمہ خان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیرِ اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری میرے والد پر بہتان لگانے سے پہلے حقائق معلوم کر لیں۔’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بتایا کہ میرے والد ایک ایماندار اور معزز شخص تھے۔
انہوں نے کہا کہ والد نے 1960ء میں نوکری چھوڑ کر انجینئرنگ کمپنی بنائی، جب میرے والد نے نوکری چھوڑی اس وقت ذوالفقار علی بھٹو وکالت کرتے تھے۔

’’بلاول بیٹا تمہیں معلومات لینے کی ضرورت ہے‘‘

علیمہ خان نے کہا کہ بلاول بیٹا تمہیں پاکستان کے بارے میں معلومات لینے کی ضرورت ہے، 1994ء سے میرا ٹیکسٹائل کا بزنس ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی معیاری مصنوعات لاکھوں محنت کش سلائی مشین پر ہی بناتے ہیں۔وزیرِ اعظم عمران خان کی ہمشیرہ نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی ٹیکسٹائل کی مصنوعات ان ہی مشینوں کی بدولت ہے۔

’’سلائی مشینوں پر کام کرنے والوں کا مذاق بنایا جاتا ہے‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ دکھ کی بات یہ ہے کہ سلائی مشینوں پر کام کرنے والوں کا میڈیا پر مذاق بنایا جاتا ہے۔علیمہ خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سلائی مشین پر کام کرنے والے معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔

بلاول نے علیمہ خان سے متعلق کیا کہا تھا؟
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ علیمہ خان نے سلائی مشین کے نام پر اربوں کی کرپشن کی، علیمہ باجی نے سلائی مشین سے اتنا پیسہ بنایا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرا خاتونِ اوّل کے لیے بہت احترام ہے، کبھی غلط زبان استعمال نہیں کی، البتہ پنجاب میں کوئی ٹرانسفر، پوسٹنگ خاتونِ اوّل کو پیسے دیے بغیر نہیں ہوتی۔