عمران خان آج کل بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، سعید غنی
کراچی (قدرت روزنامہ)وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ عمران خان آج کل بہت پریشان، اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں، حیرت ہے کہ وہ بلاول بھٹو کی اردو کا مذاق اڑاتے ہیں، ان کا تو اپنا جغرافیہ ٹھیک نہیں ہے، جب انکے پاس دلائل نہیں ہوتے اُس وقت یہ اِس قسم کی باتیں کرکے اپنا دل ٹھنڈا کرتے ہیں۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بہت سے ارکان کی اکثریت ان کے ساتھ نہیں ہے، ان حالات سے تنگ آکر پی ٹی آئی کے ممبرز اپنے نشستیں کھونے کوتیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ اپنی آئندہ کی سیاست بچانے کے لیے ان سے الگ ہو رہے ہیں، منحرف کارکنان کے ووٹ گنتی میں نہیں آئیں گے، اگر کوئی پارٹی کے فیصلے کے خلاف ووٹ دے تو اس کی نشست جاسکتی ہے۔سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی وہ واحد جماعت ہے جو حکومت میں آنے سے پہلے سے کرپٹ ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے بھارت اور اسرائیل سے چندہ لیا، غیر ملکی چندہ لینے والوں کی رجسٹریشن الیکشن کمیشن کو معطل کرنی چاہیے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ ایم کیو ایم سے کل اچھی ملاقات ہوئی، ان کے سامنے گزارشات رکھی ہیں،فیصلہ کرنا ان کا حق ہے تاہم ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی۔