پنجاب

پنجاب: نوزائیدہ بچی کو قتل کرنے والا شقی القلب باپ گرفتار

میانوالی(قدرت روزنامہ)پنجاب کے ضلع میانوالی میں نوزائیدہ بچی کو گولیاں مار کر قتل کرنے والے شقی القلب باپ کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ترجمان پنجاب پولیس کے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا کہ میانوالی پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے ملزم شاہزیب کو ضلع بھکر سے گزشتہ رات گرفتار کیا۔
اس سلسلے میں ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) میانوالی اسمٰعیل الرحمٰن کھڑک نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کر کے ملزم کی گرفتاری کی تفصیل سے میڈیا نمائندگان کو آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد سفاک ملزم کی فوری گرفتاری کے لیے 3 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، جنہوں نے مختلف مقامات پر چھاپے اور ملزم شاہزیب کو ڈسٹرکٹ بھکر سے گرفتار کر لیا۔انہوں نے بتایا کہ آئی جی پنجاب کی ہدایت پر واقعے کی تفتیش کی نگرانی خود کروں گا، تفتیش کے مراحل جلد مکمل کرتے ہوئے سفاک ملزم کو عبرت ناک سزا دلوائی جائے گی۔


ڈی پی او کا مزید کہنا تھا کہ بچوں اور خواتین پر ظلم و زیادتی کے واقعات پر آئی جی پنجاب نے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنا رکھی ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق سفاک باپ نے 5 مارچ کو اپنی 7 روز کی کمسن بچی کو پستول کے 5 فائر مار کر بے دردی سے قتل کیا تھا۔بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار اور آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزم کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیا تھا۔
ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب راؤ سردار علی خان، آر پی او سرگودھا اور ڈی پی او میانوالی سے ملزم کی گرفتاری کے بارے میں روزانہ اپ ڈیٹ لیتے رہے۔خیال رہے کہ بیٹے کے خواہشمند باپ نے 7 روز کی بیٹی کو گولیاں مار کر قتل کردیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم انٹرمیڈیٹ (سیکنڈ ایئر) کا طالبعلم ہے، جس کی شادی 2 سال قبل مشعل فاطمہ نامی خاتون سے ہوئی تھی اور وہ پہلی اولاد (بیٹا) چاہتا تھا۔جوڑے کے ہاں چند روز قبل بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی جس کا نام جنت رکھا گیا تھا، بیٹی کی پیدائش کی خبر سننے پر ملزم گھر سے باہر چلا گیا اور اسے قبول نہیں کرنا چاہتا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم لڑکی کی پیدائش پر اپنی اہلیہ سے ناراض تھا۔پولیس کا کہنا تھا کہ اتوار کی صبح ملزم گھر میں داخل ہوا تو اس کے ہاتھ میں پستول تھی، اس نے اپنی اہلیہ کے ہاتھ سے بچی کو چھین کر اسے فائرنگ کر کے قتل کیا اور فرار ہوگیا تھا۔
پولیس نے متاثرہ بچی کے ماموں ہدایت اللہ کی مدعیت میں ملزم کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا تھا، شکایت کنندہ نے بتایا کہ اہل خانہ نے بچی کو ملزم سے لینے کی کوشش کی تو اس نے بندوق تانتے ہوئے کہا کہ قریب آنے والے کو گولی مار دے گا۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ملزم نے نومولود کو 4 گولیاں مار کر قتل کیا۔

متعلقہ خبریں