علیم خان لندن سے واپس لاہور پہنچ گئے

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنما عبدالعلیم خان برطانوی دارالحکومت لندن سے لاہور واپس پہنچ گئے۔
لاہور میں علیم خان آج سیاسی ملاقاتیں کریں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ عبدالعلیم خان پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکانِ اسمبلی سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
گزشتہ روز لندن میں علیم خان نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات بھی کی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق 3 گھنٹے طویل ملاقات میں سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور میاں نواز شریف کے صاحبزادے بھی موجود رہے۔سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان سے نواز شریف کی ملاقات کی علیم خان کے انتہائی قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران علیم خان نے پنجاب میں وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار کی بیڈ گورننس کے حوالے سے نواز شریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔نواز شریف نے سیاسی رہنما کی حیثیت سے علیم خان کے کردار کو سراہا۔
ذرائع کے مطابق عبدالعلیم خان مسلم لیگ ن میں باضابطہ شمولیت اختیار نہیں کریں گے۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عبدالعلیم خان تحریکِ انصاف میں ہم خیال گروپ کی قیادت کریں گے۔