لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض رہنما عبدالعلیم خان برطانوی دارالحکومت لندن سے لاہور واپس پہنچ گئے .
لاہور میں علیم خان آج سیاسی ملاقاتیں کریں گے .
ذرائع نے بتایا ہے کہ عبدالعلیم خان پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکانِ اسمبلی سے ملاقاتیں بھی کریں گے .
گزشتہ روز لندن میں علیم خان نے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات بھی کی .
میڈیا رپورٹ کے مطابق 3 گھنٹے طویل ملاقات میں سابق وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار اور میاں نواز شریف کے صاحبزادے بھی موجود رہے . سابق صوبائی وزیر عبدالعلیم خان سے نواز شریف کی ملاقات کی علیم خان کے انتہائی قریبی ذرائع نے تصدیق کی ہے .
ذرائع کے مطابق ملاقات کے دوران علیم خان نے پنجاب میں وزیرِ اعلیٰ عثمان بزدار کی بیڈ گورننس کے حوالے سے نواز شریف کو اپنے تحفظات سے آگاہ کیا . نواز شریف نے سیاسی رہنما کی حیثیت سے علیم خان کے کردار کو سراہا .
ذرائع کے مطابق عبدالعلیم خان مسلم لیگ ن میں باضابطہ شمولیت اختیار نہیں کریں گے . ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ عبدالعلیم خان تحریکِ انصاف میں ہم خیال گروپ کی قیادت کریں گے .