وفاقی حکومت کی کارکردگی سے کوئی اتحادی خوش نہیں: ق لیگ

لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی سے کوئی بھی اتحادی خوش نہیں۔مسلم لیگ ق کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے ارکان اور سینئر رہنماؤں نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب کی موجودہ صورتِ حال اور ترین گروپ کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں شرکاء نے رائے دی کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی سے کوئی بھی اتحادی خوش نہیں، ق لیگ کو جلد اپنا سیاسی فیصلہ کرنا ہو گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس کو چوہدری پرویز الہٰی نے دیگر حکومتی اتحادیوں سے رابطوں پر اعتماد میں لیا۔
پرویز الہٰی نے اجلاس میں کہا کہ ملکی مفاد اور اپنے سیاسی مستقبل کو دیکھتے ہوئے مشاورت سے فیصلے کریں گے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ ق لیگ کے اجلاس میں دیگر حکومتی اتحادیوں کی مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا۔اجلاس میں شرکاء نے رائے دی کہ یہ نہ ہو کہ دیر ہو جائے اور اِدھر کے رہیں نہ اُدھر کے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ چوہدری شجاعت بھی مرکزی حکومت کی کارکردگی سے نالاں ہیں۔چوہدری شجاعت کا مؤقف ہے کہ ہمیں اپنے کارکنوں اور پارٹی کو مایوس نہیں کرنا ہے۔
اجلاس کے دوران پنجاب میں وعدے پورے نہ ہونے پر شرکاء نے اظہارِ تشویش بھی کیا۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومتی اتحادیوں کا آئندہ 2 سے 3 روز میں مشترکہ پریس کانفرنس میں بڑے اعلان کرنے کا امکان ہے۔