وفاقی حکومت کی کارکردگی سے کوئی اتحادی خوش نہیں: ق لیگ

لاہور (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ق کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی سے کوئی بھی اتحادی خوش نہیں . مسلم لیگ ق کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں پارٹی کے ارکان اور سینئر رہنماؤں نے شرکت کی .


ذرائع کے مطابق اجلاس میں پنجاب کی موجودہ صورتِ حال اور ترین گروپ کی سرگرمیوں کا بھی جائزہ لیا گیا . اجلاس میں شرکاء نے رائے دی کہ وفاقی حکومت کی کارکردگی سے کوئی بھی اتحادی خوش نہیں، ق لیگ کو جلد اپنا سیاسی فیصلہ کرنا ہو گا . ذرائع کے مطابق اجلاس کو چوہدری پرویز الہٰی نے دیگر حکومتی اتحادیوں سے رابطوں پر اعتماد میں لیا .
پرویز الہٰی نے اجلاس میں کہا کہ ملکی مفاد اور اپنے سیاسی مستقبل کو دیکھتے ہوئے مشاورت سے فیصلے کریں گے . ذرائع نے بتایا ہے کہ ق لیگ کے اجلاس میں دیگر حکومتی اتحادیوں کی مشاورت سے فیصلے کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا . اجلاس میں شرکاء نے رائے دی کہ یہ نہ ہو کہ دیر ہو جائے اور اِدھر کے رہیں نہ اُدھر کے .
ذرائع نے بتایا ہے کہ چوہدری شجاعت بھی مرکزی حکومت کی کارکردگی سے نالاں ہیں . چوہدری شجاعت کا مؤقف ہے کہ ہمیں اپنے کارکنوں اور پارٹی کو مایوس نہیں کرنا ہے .
اجلاس کے دوران پنجاب میں وعدے پورے نہ ہونے پر شرکاء نے اظہارِ تشویش بھی کیا . ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومتی اتحادیوں کا آئندہ 2 سے 3 روز میں مشترکہ پریس کانفرنس میں بڑے اعلان کرنے کا امکان ہے .

. .

متعلقہ خبریں