انصار الاسلام والوں میں ہمت ہے تو عدم اعتماد کے دن آ کر دکھائیں: شیخ رشید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد نے چیلنج دیتے ہوئے کہا ہے کہ انصار الاسلام والوں میں ہمت ہے تو تحریکِ عدم اعتماد کے دن آ کر دکھائیں، انصار الاسلام، بیت الاسلام سمیت کسی ملیشیا کو اجازت نہیں ہو گی کہ وہ اسلام آباد میں چڑھائی کرے۔کوئٹہ میں وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہاکہ ہم نے مانسہرہ اور مردان میں ان لوگوں کو روکا ہے، ضرورت پڑنے پر ہم فوج کو بھی طلب کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں کی طرح نہیں کہ 5 سیٹوں پر صوبے کی وزارتِ اعلیٰ کے لیے بلیک میل کروں، عمران خان کے ساتھ سائے اور چٹان کی طرح کھڑا ہوں، باقی لوگوں کا ذمے دارنہیں، عمران خان سڑکوں پر آ گئے تو وہ واقعی خطرناک ہو جائیں گے۔

’’بلاول کیخلاف سوال نہ کریں، خفا ہو کر چلا جاؤنگا‘‘

ایک صحافی نے چیئرمین پی پی پی سے متعلق سوال کیا تو شیخ رشید نے جواب دیا کہ بلاول کے خلاف کوئی سوال نہ کریں، خفا ہو کر چلا جاؤں گا۔صحافی نے سوال کیا کہ آپ نے 5 ووٹوں کا اشارہ جام کمال کی طرف کیا ہے؟

’’کبھی نہیں سوچا تھا کہ ممبر کا اتنا ریٹ لگے گا‘‘

شیخ رشیدنے جواب دیا کہ میں نے پنجاب کی سیاست کی بات کی ہے، میں صوبوں کی سیاست کی بات نہیں کرتا، بلوچستان عوامی پارٹی ڈنکے کی چوٹ پر عمران خان کے ساتھ ہے، اپوزیشن بلیک میلنگ کر رہی ہے، کبھی نہیں سوچا تھا کہ ممبر کا اتنا ریٹ لگے گا، عمران خان 5 سال پورے کریں گے، ان کی قیادت میں صحت کارڈ کا اجراء کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن تحمل اور بردباری کا مظاہرہ کرے، تحریکِ عدم اعتماد میں اسے ناکامی ہو گی، الیکشن کو 1 سال ہے، ایسا نہ ہو کہ یہ لوگ 10 سال لائن میں لگ جائیں، ہمیں صلح صفائی کی بات کرنی چاہیے، مل بیٹھ کر مذاکرات سے کوئی حل نکالنا چاہیے، بہتر یہ ہے کہ الیکشن کی تیاری کریں۔

’’مقصود چپڑاسی سے متعلق شہباز شریف بہتر بتا سکتے ہیں‘‘

وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ 7 روز قبل پارلیمنٹ اور پارلیمنٹ لاجز ایف سی اور رینجرز کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا، حکومت فوج کو بھی طلب کر سکتی ہے لیکن نوبت ابھی یہاں تک نہیں پہنچی، مقصود چپڑاسی کے بارے میں شہباز شریف ہی بہتر بتا سکتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن اپنی شکست کو تسلیم کرتے ہوئے اسی تنخواہ پر کام کرے گی، ہمیں صلح صفائی کی طرف جانا ہو گا کیونکہ اپوزیشن نے ہارنا ہے، اپوزیشن نے ہارنے کے بعد بھی ہمیں تنگ کیے رکھنا ہے۔

’’وزیرِ اعظم کے بیان پر مولانا غفور حیدری نے بھی گلہ کیا‘‘

شیخ رشید نے یہ بھی بتایا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے متعلق وزیرِ اعظم کے بیان پر مولانا غفورحیدری نے بھی فلائٹ میں مجھ سے گلہ کیا۔