تحریک عدم اعتماد، وفاقی وزرا میں بھی اختلافات کھل کر سامنے آگئے، حکومت کی مشکلات میں اضافہ
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے قبل ڈی چوک پر جلسہ کرنےکے معاملے پر وفاقی وزرا میں اختلاف کھل کر سامنے آگیا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہےکہ عمران کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ دینے کے لیے اراکین کو 10 لاکھ کے مجمعے سےگزر کر جانا پڑے گا،کس مائی کے لعل میں کلیجہ ہےکہ 10 لاکھ کے مجمعے سےگزرکر عمران خان کے خلاف ووٹ ڈالے اورواپس جائے۔
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کہتے ہیں کہ ہم تو دھرنا دے ہی نہیں رہے ، لوگ وزیراعظم کا نقطہ نظر سن کر منتشر ہوجائيں گے۔ادھر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بھی کہا ہےکہ آپ ووٹ ڈالنے آئیں، کسی نے روکا تو وہ ذمہ دار ہوں گے۔ شیخ رشید کا کہنا ہےکہ مولانا صاحب کویہ زیب نہیں دیتا کہ لاٹھیاں تیل میں ڈوبی ہونےکی باتیں کریں، مولا جٹ کی سیاست نہیں چلے گی، جن کو آپ میری پارٹی کہہ رہے ہیں، وہ کسی کے ساتھ نہیں، پاکستان کے ساتھ ہیں، وہ سمجھا رہےہیں، معاملات افہام و تفہیم سے حل کریں۔صحافی نے شیخ رشید سے سوال کیا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو! اس پر وفاقی وزیر بولے، اگر ایسا نہ ہوا تو دمادم مست قلندر ہوگا۔