حکومتی اتحادی 24 گھنٹوں میں ایک ایک کر کے حمایت کا اعلان کریں گے:شیخ رشید
لاہور(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد عمران خان ہی جیتے گا،تمام اتحادی حکومت کیساتھ ہیں ۔حکومتی اتحادی 24 گھنٹوں میں ایک ایک کر کے سامنے آکر حمایت کا اعلان کریں گے۔
۔ نجی ٹی وی اے آر وائے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج سے ہی اتحادی پارٹیاں حمایت کا اعلان کرنا شروع ہو جائیں گی۔25 مارچ تک صورتحال سب پر واضح ہو جائے گی ، ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم شروع سے ہی حکومت کے ساتھ ہے وہ بہت سمجھدار لوگ ہیں واضح رہے کہ کچھ دیر قبل حکومتی اتحادی مسلم لیگ (ق)کے سربراہ چودھری پرویز الہٰی نے بیان دیا ہے کہ نہ حکومت چھوڑ رہا ہوں نہ ہی اپوزیشن کو جوائن کیا ہے ، چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ عمران خان اچھے انسان ہیں ان کی نیت صاف ہے ۔
یاد رہے کہ گزشتہ کچھ روز سے اتحادی مسلم لیگ (ق)اور حکومتی رہنماوں کے درمیاں لفظی گولہ باری جاری تھی اور دوریاں بڑھتی دکھائی دے رہیں تھی لیکن پرویز الہٰی کے بیان نے کشیدگی کو کم کیا ہے جس کے بعد وزیر داخلہ شیخ رشید نے بیان دیا ہے کہ تھوڑی دیر تک حالات تبدیل ہو جائیں گے اور سب اتحادی ایک ایک کر کے حکومت کی حمایت کا اعلان کریں گے ۔