الیکشن کمیشن عمران خان کو فوری نااہل قرار دے، احسن اقبال کا مطالبہ

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)مسلم لیگ (ن)کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے سینکڑوں اکاؤنٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے، الیکشن کمیشن عمران خان کی چوری پر فوری نااہل قرار دے ۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل کرنے میں دیر کی تو ملک میں انتشار پھیلے گا ۔
تفصیلات کے مطابق احسن اقبا ل نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو اس بات پر نااہل کیا گیا کہ انہوں نے اپنے بیٹے سے 10ہزار درہم تنخواہ لی مگر اثاثوں میں ظاہر نہیں کی ، عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں کو ورغلا کر ان سے کروڑوں روپے اکٹھے کیے ،پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے اپنے اثاثے چھپائے ،ان کی سیاست کا ڈراپ سین ہو گیا ہے ۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ میں عدلیہ سے مطالبہ کرتا ہوں کہ اس جھوٹے ، الزام تراشی کرنے والے سیاستدان کا حساب کیا جائے ، پاکستان میں جس درجے کی الزام تراشی ،دوسروں کو جھوٹ کہنے کی سیاست عمران خا ن نے کی اس کی مثال نہیں ملتی ۔