کہیں ایسا نہ ہو کہ عمران خان اپنے نوجوانوں کو حکم دیدیں ، فواد چودھری نے اپوزیشن کو پھر پیغام دیدیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کی اجازت نہیں دیں گے ، کہیں ایسا وقت نہ آجائے کہ وزیر اعظم اپنے نوجوانوں کو حکم دے دیں کہ وہ آگے بڑھیں اور ہارس ٹریڈنگ کو ختم کرائیں ۔
اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ میں نے تو صرف ایک تقریر میں کہا کہ ہم ڈی چوک پر دس لاکھ بندے اکٹھے کریں گے تو دس لاکھ بندوں کے ڈر سے ہی یہ لوگ بے ہوش ہو گئے ، سیاسی جماعتوں کا حق ہے کہ وہ جلسے ، جلوس کر سکیں ، لوگوں کو اکٹھا کریں اور ہم کریں گے ، یہ ہمارا حق ہے ۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسد عمر نے کل ڈی چوک جلسہ سے متعلق تفصیلی میٹنگ کی ہے ، اسلام آباد کے ڈی چوک پر ہم ملکی تاریخ کا سب سے بڑا اجتماع کرینگے ۔ ہمارے پاس کوئی ملیشیا نہیں ہے ، ہم تو متوسط اور نچلے طبقے کی جماعت ہیں ، ہم شریف لوگ ہیں ۔
فواد چودھری نے مزید کہا کہ عقل کے اندھے کہتے ہیں ڈاکوؤں کی حکومت بناؤجوچوروں کو بچائے، بین الااقوامی سامراج کے ایجنٹ کون ہیں یہ بات سب جانتے ہیں ، ہم اپنے بچوں کو ڈاکوؤں اور چوروں کے حوالے نہیں کریں گے۔ سندھ ہاؤس میں بولیاں لگ رہی ہیں، لوگ اپنا ضمیر بیچ رہے ہیں۔