وزیر اعظم کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس، شیخ رشید سمیت وزرا شریک

اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس جاری ہے جس میں وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیراطلاعات فواد چودھری سمیت وزرا شریک ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سینئر وزرا کو وزیر اعظم ہاؤس بلا لیا ہے جن میں اسدعمر، شیخ رشید، فواد چودھری سمیت دیگر وزرا شریک ہوں گے۔ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وزیراعظم کی اپنے بااعتماد ساتھیوں سے ملاقاتیں جاری ہیں، گذشتہ روز عمران خان سے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم نے قانونی ٹیم کو منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کی ہدایت دی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اپنے منحرف ارکان پارلیمنٹ کے خلاف قانونی و آئینی کارروائی کا فیصلہ کر چکی ہے جس کے لیے سپیکر کو باقاعدہ لکھا جائے گا۔وزیراعظم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ منحرف ارکان ضمیر فروش ہیں، کسی بھی طور بلیک میل نہیں ہوں گا۔