وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سندھ ہائوس میں پناہ لینے والے پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کو بڑی پیشکش کر دی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے سندھ ہاوس میں پناہ لینے والوں کیلئے پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” تم سب لوگ واپس آجاو تمہیں کچھ نہیں کہا جائے گا، میں یقین دہانی کرواتاہوں کہ سندھ ہاوس میں داخل نہیں ہوں گے ۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ ملک میں سیاسی تصادم کی گنجائش نہیں ہے ، عدم اعتماد آپ کا آئینی حق ہے ، میں یقین دلاتاہوں کہ کسی شخص کیلئے کوئی سیکیورٹی کا مسئلہ نہیں ہو گا ، سندھ ہاو س میں 480 اہلکاروں کا سکواڈ لے کر آئے ہیں، آپ 580کا لے آئیں ۔ آپ نے پھر بھی بندے ادھر ادھر کر دیئے ہیں ، ایک حد تک پولیس رکھیں ، یہ بدمزگی پیدا ہو سکتی ہے ،وزارت داخلہ یقین دہانی کرواتی ہے کہ ہم سندھ ہاوس میں داخل نہیں ہوں گے ۔پاکستان اپنے اہم ترین سیاسی دور سے گزر رہاہے ،

اس بات کو نا بھولا جائے کہ غلطی کی گنجائش نہیں ہے ،ہمیں سندھ ہاؤس میں کارروائی کی کیا ضرورت ہے ، ہمارے پاس اطلاعات ہیں ، ہمارے 12 آدمی کہاں ہیں ، آج کل تو لوکیٹر آ گئے ہیں ، ڈرون آ گئے ہیں ، کون بندے کہاں ہیں ، سب پتا چل جاتاہے ،،اس پارٹی میں ایک ہی لیڈر ہے اور اس کا نام عمران خان ہے ، شیخ رشید عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑاہے ۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بکنے والے لوگ بھی واپس آ جائیں ، مفاد پرست اور ضمیر فروش اپنے حلقوں میں جائیں گے تو ان کو پتا لگ جائے گا ، پناہ لینے والے واپس آ جاؤ تمہیں کچھ نہیں کہا جائے گا ۔