یوسف رضاگیلانی اور پرویز اشرف پرمالی فوائدلینے کےشواہدموجود نہیں، عدالتی فیصلہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)توقیر صادق کی غیر قانونی تعیناتی کے معاملے پر عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی اور راجا پرویزاشرف پرمالی فوائد لینے کےشواہد موجود نہیں۔ تفصیلات کے مطابق توقیرصادق کی بہ طور چئیرمین اوگرا غیر قانون تعیناتی سے متعلق کیس میں اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق وزرائے اعظم سید یوسف رضا گیلانی اورراجا پرویز اشرف کے خلاف ریفرنس ختم ہونے کا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔
احتساب عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ سید یوسف رضا گیلانی، راجا پرویز اشرف اور دیگر پر مالی فوائد لینے کے شواہد موجود نہیں ہیں۔ مالی فوائد کے شواہد نہ ہونے پر کیس نہیں چل سکتا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ترمیمی آرڈیننس مالی فوائد لینے کے شواہد لازم قرار دیتا ہے۔ یوسف رضا گیلانی پر راجا پرویز اشرف کو خلافِ ضابطہ تعیناتی کمیٹی کا سربراہ بنانے کا الزام ہے۔
عدالتی فیصلے کے مطابق راجا پرویزاشرف پر خلافِ ضابطہ توقیر صادق کو شارٹ لسٹ امیدواروں میں شامل کرنے کا الزام ہے۔ دائرہ اختیار ختم ہونے پر عدالت ان ملزمان کو بری بھی قرار نہیں دے سکتی۔
عدالت نے اپنے تفصیلی فیصلے میں لکھا کہ متعلقہ فورم پر ملزمان کیخلاف کارروائی ہوسکتی ہے۔ احتساب عدالت اپنا دائرہ اختیار ختم ہونے پر کارروائی روک رہی ہے۔
احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے تفصیلی فیصلہ تحریر کیا۔