اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ اپوزیشن میں ہمت ہے تو او آئی سی کانفرنس روک کردکھائے . نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ او آئی سی کانفرنس ملکی سلامتی کا مسئلہ ہے، اجلاس میں شرکت کرنے والے اراکین ہمارے مہمان ہیں اور پاک فوج نے سیکورٹی کی ذمہ داری سنبھالی ہوئی ہے .
سوال کے جواب میں وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ہم بڑے پیار سے اپوزیشن سے نمٹیں گے، کسی کی یہ اوقات نہیں کہ او آئی سی کانفرنس روک سکیں . یہ الیکشن ہار رہے ہیں اور عوام کے سامنے ایکسپوز ہوچکے ہیں، انکی سب سے بڑی حماقت تھی کہ اپنے بندوں کی ویڈیو بنوا کر سامنے لے آئے .
اس سے قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے دھمکی دی تھی کہ اگر پیر کو عدم اعتماد کی تحریک نہیں آنے دی جاتی تو وہیں دھرنے پر بیٹھ جائیں گے، دیکھتے ہیں کیسے او آئی سی کانفرنس منعقد ہوتی ہے .
دوسری جانب وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بلاول نے نہایت ناسمجھی اور بوکھلاہٹ والا بیان دیا ہے، ان کے نمبرز پورے ہیں تو انہیں پُراعتماد اور پریشان تو ہمیں ہونا چاہیے تھا، لیکن پریشان ان کے چہرے ہیں .