پاکستان بڑے بحران میں مبتلا ہے، عمران خان اکثریت کھو چکے، لیاقت بلوچ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عمران خان کی بدکلامی اور فرعونیت نے سیاست کو تباہ کردیا ہے۔ وہ اکثریت کھو چکے ہیں، پاکستان بڑے بحران میں مبتلا ہے۔سیالکوٹ میں دھرنے سے خطاب میں لیاقت بلوچ نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اسلام آباد میں فیصلہ کن دھرنےکی کال دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان بڑے بحران میں مبتلا ہے، جو سیاسی، اقتصادی آئینی، پارلیمانی بحران ہے، سراج الحق کے اسلام آباد فیصلہ کن دھرنے میں عوام کو آنا ہے۔نائب امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پورا پاکستان بڑے آتش فشاں پر لاکر کھڑا کردیا گیا ہے، حکمران چاہ رہے ہیں اقتدار تو جارہا ہے، ملک میں انارکی عام کی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران نے بدکلامی اور فرعونیت سے سیاست کو تباہ کر دیا ہے، وہ اکثریت کھوچکے ہیں، بہتر ہے عوام میں جانے کا اعلان کریں۔لیاقت بلوچ نے یہ بھی کہا کہ جب عوام بے زار ہو، ایسے ماحول میں اقتدار میں رہنا نہیں بنتا، اسٹیبلشمنٹ نے کہیں کی اینٹ کہیں کا روڑا اٹھا کر کہیں لگایا، لوگوں نے دیکھا ریاست مدینہ کی بات کرکے بڑا یوٹرن لیا گیا۔