انوشکا شرما نے کن کامیاب فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ انوشکا شرما جنہوں نےفلمی دنیا میں قدم رکھتے ہی اپنی شاندار اداکاری سے مداحوں کے دلوں میں جگہ بنائی، اب تک بالی ووڈ کی کئی کامیاب فلموں میں کام کرنے سے انکار بھی کرچکی ہیں۔انوشکا شرما نے 2008 میں آدتیہ چوپڑا کی فلم ’رب نے بنا دی جوڑی‘ سے شاہ رخ خان کے ہمراہ بطور ہیروئن اپنا بالی ووڈ ڈیبیو دیا تھا۔
خوش قسمتی سے اداکارہ کو اپنے فلمی کیریئر کی پہلی ہی فلم میں بالی ووڈ کے بادشاہ کے ہمراہ کام کرنے کا موقع مل گیا اور اس کے بعد اُنہوں نے پیچھے مڑکر نہیں دیکھا۔انوشکا شرما بہت کم عرصے میں ہی شہرت کی بلندیوں تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں،اداکارہ نے فلموں میں اپنے مضبوط اور بے باک کرداروں سے بہت جلد ہی فلمی مداحوں کی توجہ حاصل کرلی۔
انوشکا کے بارے میں یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ اُنہوں نے بہت سی ایسی فلموں میں کام کرنے سے انکار بھی کیا جوکہ ریلیز کے بعد باکس آفس پر کامیاب رہیں۔اداکارہ کی جانب سے جن کامیاب فلموں میں کام کرنے سے انکار کیا گیا وہ یہ ہیں؛
1-کی اینڈ کا
بھارتی میڈیا کے مطابق، فلم’کی اینڈ کا‘ میں کام کرنے کی پیشکش کرینہ کپور سے پہلے انوشکا کو کی گئی تھی لیکن انہوں نے کرنے سے انکار کردیا اور پھر فلم میں کرینہ کپور خان کو کاسٹ کرلیا گیا تھا۔ یہ فلم باکس آفس پر کامیاب رہی اور مداحوں کی جانب سے بہت پسند کی گئی۔
2- تماشا
ایک رپورٹ کے مطابق، فلم’تماشا‘ میں ’تارا‘ کے کردار کے لیے ہدایت کار امتیاز علی نے انوشکا شرما سے رابطہ کیا لیکن اُنہیں یہ کردار اپنے لیے کچھ خاص پسند نہیں آیااور اُنہوں نے آفر ٹھکرا دی۔
3- بار بار دیکھو
فلم’باربار دیکھو‘ کے پروڈیوسر فرحان اختر کی جانب سے بھی فلم میں مرکزی کردار نبھانے کیلئے انوشکا شرما کو پیشکش کی گئی تھی تاہم، اداکارہ نے اس فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
4- تھری ایڈیٹس
فلم ’تھری ایڈیٹس‘ بالی ووڈ کی وہ فلم ہے جس کا شمار فلم انڈسٹری کی کامیاب ترین فلموں میں سے کیا جاتا ہے۔ راجکمار ہیرانی کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کی کہانی چیتن بھگت کے ناول ’فائیو پوائنٹ سم ون‘ سےاخذ کی گئی تھی۔
دراصل اداکارہ انوشکا شرما اس فلم میں کام کرنے کے لیے بہت پرجوش تھیں اور اُنہوں نےاس فلم کے لیے باقاعدہ آڈیشن بھی دیا لیکن ہدایتکار کو متاثر کرنے میں ناکام رہیں اور پھر اس فلم میں کرینہ کپور کو کاسٹ کرلیا گیا۔
5- ٹو اسٹیٹس
فلم’ٹو اسٹیٹس‘ کی کہانی چیتن بھگت کے 2009 کے ناول ’2 اسٹیٹس: دی اسٹوری آف مائی میرج‘ سے اخذ کی گئی تھی۔ اس فلم کے مرکز ی کردار کے لیے انوشکا کو پیشکش کی گئی تھی لیکن اداکارہ نے اسکرپٹ پسند نہ آنے پر فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا۔
خیال رہے کہ اداکارہ انوشکا شرما کو آخری بار اسکرین پر اداکار شاہ رخ خان اور اداکارہ کترینہ کیف کے ساتھ 2018 کی فلم’زیرو‘ میں اسکرین پر دیکھا گیا تھا اور اب وہ جلد ہی فلم’چکدا ایکسپریس‘ سے اسکرین پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔