“ہم کسی خاتون کو اے سی یا ڈی سی نہیں مانتے” مانسہرہ میں خاتون اسسٹنٹ کمشنر پر حملہ، زخمی ہوگئیں

مانسہرہ (قدرت روزنامہ) خاتون سسٹنٹ کمشنر ماروی شیر ملک نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی ہو گئیں، ملزمان نے لیڈی اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو کئی بار اوور ٹیک کیا، ملزمان خاتون اسسٹنٹ کمشنر کی تصاویر اور ویڈیو بھی بناتے رہے اور پھر غازی کوٹ میں 3 افراد نے ان پر حملہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزمان نے اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کے سامنے اپنی گاڑی روک کر دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ یہ خاتون ہوکر ہم پر اے سی تعینات ہوئی، ہم کسی خاتون کو اے سی یا ڈی سی نہیں مانتے۔تلخ کلامی کے دوران ایک ملزم نے اے سی کو گولی مارنے کی دھمکی بھی دی اور کھینچا تانی کے دوران لیڈی اسسٹنٹ کمشنر ماروی شیر ملک کا ہاتھ زخمی ہوگیا۔ ملزمان نے سسٹنٹ کمشنر کے گارڈ پر تشدد کرکے اس کا بازو توڑ دیا جبکہ موقع پر موجود افراد نے تینوں ملزمان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔اسسٹنٹ کمشنر ماروی شیر ملک کی درخواست پر تھانا سٹی میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز بھی کر دیا ہے۔