وفاقی وزیر کا رمضان المبارک میں گیم شو پر پابندی کا مطالبہ

 

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے وزیر اعظم عمران خان سے رمضان المبارک کے دوران گیم شوز پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا ہے . نور الحق قادری نے وزیر اعظم عمران خان کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے رمضان نشریات سے متعلق درخواست کی ہے .

وزارت مذہبی امور کی جانب سے سوشل میڈیا پر شیئر کیے گئے خط میں وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے رمضان ٹرانسمیشن سے متعلق عوامی حلقوں کی شکایات پر رمضان نشریات کے 6 رہنما اصول وزیراعظم عمران خان کو ارسال کیے ہیں ، خط سوشل میڈیا

پر وائرل ہوگیا ،وزیر مذہبی امور کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ دوران رمضان معاشرے میں مذہبی و مسلکی ہم آہنگی کا فروغ رمضان نشریات کی اولین ترجیح ہونی چاہیے، ساتھ ہی رمضان نشریات میں متنازع مسائل، مسلکی بحث سے ہر ممکن اجتناب کیا جائے . درخواست میں کہا گیا کہ رمضان نشریات کے میزبان ضروری دینی و مذہبی علم سے آراستہ ہوں، میزبان و مہمانوں کا ڈریس کوڈ ماہ رمضان کے تقدس کے مطابق ہونا چاہیے . نورالحق قادری نے اپنے خط میں مزید درخواست کی کہ رمضان المبارک کے دوران مقدس شخصیات اور مسالک کے ماننے والوں کا احترام ملحوظِ خاطر رکھا جائے، سحر اور افطار کے اوقات میں گیم شوز اور دیگر غیر سنجیدہ پروگرامز نشر کرنے سے اجتناب کیا جائے، نیز ماہ رمضان میں غیر اخلاقی، غیر مناسب اشتہارات و پروگرام نشر کرنے پر پابندی لگائی جائے . خط میں کہا گیا ہے کہ وزارتِ اطلاعات اور پیمرا اس حوالے سے ٹی وی چینلز کو مناسب ہدایات جاری کریں .

. .

متعلقہ خبریں