اپنی سیاست اور آخرت کو خراب نہ کریں، ایک بار پھر سوچ لیں ، پی ٹی آئی نے منحرف ارکان کو ایک اور موقع دیدیا

فیصل آباد (قدرت روزنامہ) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ منحرف ارکان سے کہتاہوں کہ واپس آجائیں ، اپنی سیاست اور آخرت کو خراب نہ کریں ، اپنے مستقبل کا سوچیں ۔
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شفقت محمود کا کہنا تھا کہ منحرف ارکان کو چاہئے کہ وہ ایک بار پھر اپنے فیصلے پر غور کریں اور واپس آجائیں ، عوام نے صرف آپ کا سیاسی نہیں بلکہ سماجی بائیکاٹ بھی کرنا ہے ، فیصل آباد سمیت مختلف جگہوں پر دیکھنے میں آرہا ہے کہ ان افراد کے جو قریبی ساتھی تھے وہ بھی عوام میں آکر ان کے اقدام کی مذمت کر رہے ہیں ،میں ان سے کہتا ہوں کہ اب بھی وقت ہے ، سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں ۔
شفقت محمود نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد بری طرح ناکام ہو گی ، کچھ ایم این ایز مجھے ملے جنہیں پیسے کی آفر ہوئی ، ملک میں تماشہ لگا دیا گیا ہے ، منڈیاں لگا کر اخلاقایات کی دھجیاں اڑادی گئیں ، ہارس ٹریڈنگ معاملے پر عوام غصے میں ہیں ، وزیر اعظم نے منحرف ارکان کو واپسی کا کہا ہے ، انہیں معاف کر دیا جائے گا ۔