کراچی (قدرت روزنامہ) سول ایوی ایشن حکام نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنے والے قطر ایئر ویز کے طیارے کو ایئرپورٹ پر روک لیا ہے، ایئر بس اے 350 طیارے کی فنی خرابی دور نہیں ہو سکی ہے جس کے سبب اسے روک لیا گیا ہے . روزنامہ جنگ کے مطابق دوحا سے ایئر لائن کی ٹیکنیکل ٹیم طیارے میں کراچی روانہ کی جا رہی ہے، کراچی میں پھنسے 295 بھارتی مسافروں کو دوسرے طیارے میں منزل تک پہنچایا جائے گا .
دہلی سے دوحا کے مسافر کراچی ایئرپورٹ کے ٹرانزٹ لاونج میں روانگی کے منتظر ہیں .
واضح رہے کہ بھارتی دارالحکومت دہلی سے دوحا کے لیے جانے والی پرواز میں آگ لگنے کے سگنل موصول ہونے پر طیارے کو ہنگامی طور پر کراچی اتار لیا گیا . قطر ایئر ویز کے طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی وجہ سے دیگر پروازوں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے . 295 مسافروں کو لے کر دہلی سے دوحا کی قطر ایئر ویز کی پرواز کیو آر 579 کراچی کے قریب تھی کہ پائلٹ کو طیارے میں آگ لگنے کے سگنل موصول ہوئے اور طیارے میں مسافروں نے ہلکہ دھواں محسوس کیا .
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پائلٹ نے طیارے کا رخ کراچی کی طرف موڑ دیا، ہنگامی صورتحال کی وجہ سے کراچی پہنچنے والی پروازوں کی لینڈنگ میں تاخیر ہوئی . دوحا سے کراچی کی قطر ایئر ویز کی پرواز 610 فضا میں چکر کاٹتی رہی جبکہ ایئر لنکا کی پرواز یو ایل 183 کو بھی کراچی لینڈنگ کے لیے انتظار کرنا پڑا .
. .