دہشت گردی کے خلاف ہمارے جوانوں کی قربانیاں بے مثال اور لازوال ہیں، بلاول بھٹو

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہمارے جوانوں کی قربانیاں بے مثال اور لازوال ہیں۔تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے باجوڑ میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں سکیورٹی فورسز کے جوانوں اور شہریوں کی شہادت پر گہرا افسوس ہوا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید جوانوں اور شہریوں کا خون ہماری قومی خود مختاری کی علامت ہے، دہشتگردی کے خلاف ہمارے جوانوں کی قربانیاں بے مثال اور لازوال ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے معصوم شہریوں کی قربانیاں رائیگان نہیں جائیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ اور نیشنل ایکشن پلان پر پوری قوم ایک پیج پر ہے۔ بلاول بھٹو نے شہید جوانوں اور شہریوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔