افغانستان دہشت گردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دے، سعودی عرب
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان السعود کا کہنا ہے کہ افغانستان دہشتگردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دے۔اسلام آباد میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے دوران اپنے خطاب میں سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب او آئی سی کو مزید مستحکم اور مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلاموفوبیا کے خلاف پاکستان کی کاوشیں قابل ستائش ہیں، اس سلسلے میں مزید کاوشوں کی ضرورت ہے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ ہمیں مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اشتراک عمل کو یقینی بنانا ہو گا۔
افغانستان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان پر ٹرسٹ فنڈ قائم ہوا ہے اور نمائندہ خصوصی بھی مقرر کیا گیا لیکن افغان عوام کی خستہ حالی اور بحرانی کیفیت کو ختم کرنے کے لیے بہت اقدامات درکار ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ افغانستان میں استحکام کے لیے مذاکرات اور مفاہمت کو یقینی بنایا ہوگا، افغانستان دہشتگردی کے لیے اپنی سرزمین استعمال نہ ہونے دے، انسانی حقوق کا احترام کرے۔
شہزادہ فیصل بن فرحان السعود نے کہا کہ فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کے لیے فلسطینی عوام کے ساتھ کھرے ہیں ، یمن کو انسانی ہمدردی کے تحت ہر ممکن امداد کی فراہمی یقین بنا رہے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا کہ مسئلہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل نکالا جائے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو انصاف فراہم کیا جائے۔فلسطین سے متعلق سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کے لیے فلسطینی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔