شہباز شریف کا OIC مہمانوں کو خوش آمدید

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا کہنا ہے کہ او آئی سی امت مسلمہ کی وحدت، اخوت و بھائی چارے کی روشن اسلامی قدر کی علامت ہے۔
شہباز شریف کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ او آئی سی وزراء خارجہ کونسل کے 48ویں اجلاس کے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں،او آئی سی اسلامی دنیا کے عوام کی امنگوں، آرزوؤں اور مفادات کی امین ہے۔
ن لیگ کے صدر نے کہا کہ امہ پرامید ہے کہ او آئی سی ان کے مفادات و حقوق کا تحفظ کرے گا، امید ہے یہ ادارہ فلسطین، کشمیر سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے دفاعی حصار ثابت ہوگا۔شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ہم آپ کی کامیابی اور پُرلطف قیام کیلئے دعاگو ہیں۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کی کونسل کے 48 ویں اجلاس کا آغاز ہو گیا ہے، جس میں وزیرِ اعظم عمران خان بھی شریک ہیں۔