علیم خان کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات کروانے میں کس گلوکار نے کردار ادا کیا؟ بڑا انکشاف سامنے آگیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ)معروف پاکستانی گلوکار وارث بیگ نے لندن میں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے ن لیگی رہنما شیخ محمد یوسف بھی موجود تھے۔نواز شریف سے ملاقات کے بعد وارث بیگ نےگفتگو میں کہا کہ ‘یہ ملاقات ایک بہانہ ہے، پیار کا سلسلہ پرانا ہے۔وارث بیگ نے دعویٰ کیا کہ علیم خان ہمیشہ پاکستان کی ترقی کے لیے فکر مند نظر آتے ہیں، اسی لیے ان کی نواز شریف سے ملاقات کرانے میں کردار ادا کیا۔ وارث بیگ کا کہنا تھا کہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں تمام قوتوں کو مل کر کام کرنا چاہیے، دو افراد ملک کی ترقی کے لیے ایک جیسا سوچیں تو میری کوشش ہوتی ہےکہ انھیں اکھٹا کرکے ایک ٹیبل پر بِٹھا دوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات اچھی رہی،
نواز شریف ہمیشہ کی طرح پاکستان کی بھلائی کا سوچ رہے ہیں، نواز شریف نے شدید دباؤ کے باوجود پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا۔خیال رہے کہ گذشتہ دنوں خبر سامنے آئی تھی کہ پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رہنما اور سابق صوبائی وزیر علیم خان نے سابق وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی ہے۔ذرائع کے مطابق علیم خان اور نوازشریف کی ملاقات لندن میں ہوئی جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور نواز شریف کے بیٹے بھی موجود تھے۔بعد ازاں علیم خان کے ترجمان ترجمان میاں خالد محمود نے دعویٰ کیا کہ علیم خان کی لندن میں نواز شریف سے ملاقات نہیں ہوئی، وہ لندن اپنے بچوں سے ملنےگئے تھے۔