شاہ رخ خان کے ساتھ شوٹنگ کے دوران دپیکا پڈوکون ہسپانوی میڈیا کو نازیبا اشارے کرتے پکڑی گئیں

ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور دیپکا پڈوکون ان دنوں فلم ‘پٹھان’ کی شوٹنگ کیلئے اسپن میں موجود ہیں جہاں ہسپانوی فوٹوگرافرز نے خفیہ طور پر شوٹنگ کے دوران لی گئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی ہیں جس پر دونوں اسٹارز غصے میں آگئے۔
گزشتہ چند ہفتوں سے شاہ رخ اور دپیکا کی شوٹنگ کے دوران لی جانے والی تصاویر مسلسل لیک ہونے کے بعد وائرل ہورہی ہیں، ہفتے کو بھی فوٹوگرافرز نے دونوں اسٹارز کی بالکونی میں شوٹنگ کی تصاویر لیک کردی تھیں۔
شوٹنگ کے دوران لی گئی ایک تصویر میں دپیکا کیمرہ مین کو انگلی سے غیر اخلاقی اشارہ کرتی بھی دیکھی گئیں۔ دوسری جانب شاہ رخ خان جوعام طور پر کیمرے کی طرف دیکھ کر مسکرا دیتے ہیں، فلم کے اہم مناظر کی تصاویر لیک ہونے پر کیمرہ مین پر شدید برہم نظر آئے۔
فلم کی شوٹنگ کے دوران بالکونی میں موجود دپیکا اور شاہ رخ کی نظراچانک فوٹوگرافر پر پڑی تو دونوں نے فوری طور پر سیاہ جیکٹ پہن کر خود کو ڈھانپ لیا۔
واضح رہے کہ فلم کے چند رومانوی مناظر ابھی فلمائے جانے ہیں، یہ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اداکار جان ابراہم بھی جلد فلم میں اپنا کردار نبھانے کیلئے ساتھی فنکاروں کے ہمراہ ہوں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ‘پٹھان’ آئندہ برس جنوری میں ریلیز کی جائے گی۔