صدر کہیں گے تو گورنر راج لگانا ہو گا: گورنر سندھ

کراچی (قدرت روزنامہ)صوبۂ سندھ کے گورنر عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ صدرِ مملکت مجھے کہیں کہ آپ صوبے میں گورنر راج لگا دیں تو مجھے لگانا ہو گا۔یومِ پاکستان کے موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کراچی میں بانیٔ پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناح ؒ کے مزار پر حاضری دی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ صوبے میں گورنر راج کے حوالے سے ایسی کوئی صورتِ حال نہیں ہے۔گورنر سندھ عمران اسماعیل نے یہ بھی کہا کہ ہم قائدِ اعظم رحمۃ اللّٰہ علیہ کے بتائے ہوئے اصولوں پر ملک چلانا چاہتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کیا کہا؟
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارا ملک کافی مشکلات سے گزرا ہے اور اب بھی مسائل کا سامنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو یاد رکھنا چاہیے، جن کے ساتھ بھارتی ظلم اور بربریت جاری ہے، ہم مل کر اپنی سرحدوں اور آئین کا تحفظ کریں گے۔وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گورنر صاحب نے درست کہا ہے کہ اگلا سال گزشتہ سال سے بہتر ہو گا، ایم کیو ایم نے کچھ مطالبات رکھے ہیں، ان پرہمیں اعتراض نہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ مردم شماری کے معاملے پر سندھ کی دیگر جماعتوں نے ہم سے تعاون نہیں کیا، ہم نے بلدیاتی قانون پر بہت سی تجاویز مانی ہیں۔وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بلدیاتی قانون نئی تجاویز کے ساتھ اسمبلی میں پیش ہوا اور کمیٹی کے پاس ہے، کمیٹی میں تمام جماعتوں کے اراکین موجود ہیں۔