معروف بالی وڈ اداکارہ نے عامر خان کو دیے ‘لوو لیٹر’ میں کیا لکھا؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی وڈ کی مقبول اداکارہ شیفالی شاہ نے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان سے اپنی محبت کا اعتراف کر لیا۔بالی وڈ ہنگامہ کو دیے گئے انٹرویو میں شیفالی شاہ نے بتایا کہ ‘جن دنوں میں کالج میں پڑھا کرتی تھی ان دنوں عامر خان میرے پسندیدہ اداکار تھے اور مجھے ان سے محبت ہوگئی تھی’۔
شیفالی شاہ نے یادگار قصہ سنایا کہ ‘میں نے عامر کو لوو لیٹر بھی بھیجا تھا اور اس کے ساتھ اپنی ایک تصویر بھیجی تھی۔’
جب اداکارہ سے پوچھا گیا کہ انہوں نے سپر اسٹار کو بھیجے گئے لوو لیٹر میں کیا لکھا تھا تو وہ مسکرا دیں اور کہا کہ ‘میں نے اس میں اپنی تصویر سے متعلق لکھا تھا، در اصل جو تصویر میں نے عامر کو بھیجی تھی اس میں میں کافی دور کھڑی تھی اور وہ تھوڑی سی دھندلی تھی۔’
شیفالی نے خط میں کیا لکھا تھا؟
شیفالی شاہ نے کہا ‘میں نے لکھا کہ میں اس تصویر میں بہت دور کھڑی ہوں، آپ مجھے کبھی نہیں پہچان سکیں گے اور نہ یہ جان سکیں گے کہ یہ لیٹر آپ کو کس نے بھیجا ہے۔’
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز فلم ‘رنگیلا’ سے کیا جس میں عامر خان مرکزی کردار نبھا رہے تھے جب کہ انہیں چھوٹا سا کردار ملا، اداکارہ نے کہا کہ مجھے عامر کے ساتھ پوری زندگی اداکاری کا موقع نہیں مل سکا، نہ ہی میں نے رنگیلا میں ان کے ساتھ اداکاری کی۔
کیا عامر کو شیفالی کی محبت کا علم ہے؟
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا عامر خان جانتے ہیں کہ آپ انہیں اس حد تک پسند کرتی ہیں تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھے اس بات کا علم نہیں۔
واضح رہے کہ شیفالی شاہ نے مشہور فلموں دل دھڑکنے دو، کارتھک کالنگ کارتھک سمیت نیٹ فلکس پر بھی کئی ویب سیریز میں کام کیا جن میں دہلی کرائمز اور عجیب داستان شامل ہیں۔شیفالی شاہ سے قبل بالی وڈ کی مشہور اداکارہ رانی مکھرجی بھی عامر خان سے محبت کا اعتراف کر چکی ہیں۔