واٹس ایپ صارفین کیلئے ایک اور بڑی سہولت متعارف
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)باہمی رابطوں کیلئے دنیا بھر میں سب سے زیادہ استعمال ہونے والی ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کی سہولت کیلئے ایک اور فیچر متعارف کرایا ہے۔
واٹس ایپ نے سال 2021 میں اس فیچر تک صارفین کو ابتدائی رسائی دی تھی جس کا مطالبہ ان کی جانب سےعرصے سے کیا جارہا تھا۔ یعنی بیک وقت کئی ڈیوائسز پر واٹس ایپ کو استعمال کرنے کی سہولت جو بیٹا ورژن میں دستیاب تھی۔اب واٹس ایپ نے اپنے ویب اور ڈیسک ٹاپ ورژن کے لیے ملٹی ڈیوائس سپورٹ فیچر میں ایک بڑی اپ ڈیٹ کا اعلان کیا ہے۔اس وقت بیٹا ورژن میں صارفین کو اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے فون کی ضرورت ہوتی ہے مگر اب یہ بدلنے والا ہے۔
اب صارفین 4 مختلف ڈیوائسز پر واٹس ایپ تک رسائی انٹرنیٹ سے کنکٹ پرائمری اسمارٹ فون کے بغیر بھی کرسکیں گے۔ویسے مجموعی طور پر یہ تعداد 5 ہوگی کیونکہ اس میں پرائمری اسمارٹ فون بھی شامل ہوگا۔
واٹس ایپ کی اپ ڈیٹ پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق میسجنگ ایپ میں ایک اپ ڈیٹ کی گئی ہے جس کے ذریعے ملٹی ڈیوائس فیچر کو توسیع دی گئی ہے۔اس اپ ڈیٹ کے بعد اس فیچر کو بیٹا ورژن میں استعمال کرنے والے صارفین کے پاس لکھا آئے گا کہ وہ واٹس ایپ کو ویب، ڈیسک ٹاپ یا دیگر ڈیوائسز پر فون کو آن لائن رکھے بغیر استعمال کرسکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کی جانب سے لاگ ان کے عمل اور میسجز آرگنائزنگ کو بہتر کیا جارہا ہے۔ بالخصوص جب متعدد پیغامات ڈاؤن لوڈ ہونے کے لیے موجود ہوں جبکہ لاگ ان کے تجربے کو تیز کرنے پر بھی کام کیا جارہا ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ یہ نئی اپ ڈیٹ آئی او ایس صارفین کو مارچ کے آخر تک دستیاب ہوگی جبکہ اینڈرائیڈ صارفین کو اپریل تک کا انتظار کرنا ہوگا۔
کچھ عرصے پہلے کی رپورٹ کے مطابق صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے بیک وقت 4 ڈیوائسز کو لنک کرسکیں گے، مگر یہ ڈیوائسز واٹس ایپ ویب، واٹس ایپ ڈیسک ٹاپ اور فیس بک پورٹل تک محدود ہوں گی۔تاہم اس فیچر کی کچھ حدود ہوں گی اور بیٹا ٹیسٹرز ان افراد کو میسجز نہیں بھیج سکیں گے جو اپنے فون میں پرانے واٹس ایپ ورژن استعمال کررہے ہوں گے۔
متعدد ڈیوائسز کی سپورٹ کے فیچر کے بارے میں سب سے پہلے جولائی2019 میں خبر سامنے آئی تھی اور WABetainfoنے اس وقت بتایا تھا کہ واٹس ایپ کی جانب سے ایک نئے پلیٹ فارم (یونیورسل ونڈوز پلیٹ فارم)کی تشکیل پر کام کیا جارہا ہے جو ایک اکاﺅنٹ کو بیک وقت کئی ڈیوائسز پر لاگ ان ہونے میں مدد دے گا۔بعدازاں جو رپورٹس سامنے آئی تھیں ان کے مطابق ملٹی ڈیوائس سپورٹ کے دوران مین ڈیوائس کو واٹس ایپ ویب کی طرح متحرک انٹرنیٹ کنکشن کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔