فلمساز مضحکہ خیز کرداروں کی پیشکش کرتے رہے ہیں، ودیا بالن

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے فلمسازوں کی طرف سے مضحکہ خیز کرداروں کی پیشکش کا انکشاف کیا ہے۔بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں ودیا بالن نے ان بے شرم لوگوں سے متعلق بات کی جو انہیں فلموں میں مضحکہ خیز کرداروں کی پیشکش کرتے ہیں۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ کبھی کبھار فلم ساز انہیں ایسے کردار پیش کرتے ہیں جو اُن کے تصور سے بھی باہر ہوتے ہیں۔ودیا بالن جو خواتین مرکزی کرداروں کے حوالے سے مشہور ہیں، نے کہا کہ بعض اوقات پروڈیوسر میرے پاس وہ اسکرپٹ لے آتے ہیں، جن کا کوئی مطلب ہی نہیں ہوتا۔
43 سالہ اداکارہ نے مزید کہا کہ لوگ بہت بے شرم ہیں، وہ آپ کے پاس ہر طرح کی چیز لے آئیں گے، بعض اوقات تو میں پوچھ ہی لیتی ہوں کہ بھائی صاحب، آپ میرے پاس کیوں آئے ہو؟ فلم میکر سے یہ بھی کہہ دیتی ہوں کہ کیا ہیرو کا رول دے رہے ہیں؟
ودیا بالن نے دوران انٹرویو یہ بھی کہا کہ میں یہ نہیں کہہ رہی کہ مجھے صرف اہم کردار ہی کرنے ہیں لیکن مجھے کچھ ایسا کردار تو آفر ہو، جس میں کچھ جان ہو۔انہوں نے کہا کہ 26 سال کی عمر میں فلم انڈسٹری میں قدم رکھا، خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ کئی مضبوط کردار ادا کیے۔