انا پرست عمران خان کے لیے اب کوئی راستہ نہیں بچا ، شیری رحمان

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان کا وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہنا ہے کہ انا پرست عمران خان کے لیے اب کوئی راستہ نہیں بچا ہے، عمران خان نے اپنا مینڈیٹ کھو دیا ہے، ان کے ساتھ نہ مانگے تانگے کے ارکان ہیں نہ ہی اتحادی۔
پی پی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ہر گزرتے دن پارلیمنٹ میں اپنی تعداد کے ساتھ حمایت بھی کھو رہا ہے، کوئی عمران خان کو سمجھائے کہ حکومت پوری زندگی کے لیے نہیں ہوتی، یہ بادشاہت نہیں ہے۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان انا کا مسئلہ سمجھ بیٹھے ہیں، عمران خان آئین کو پامال نہ کریں،اقتدار آنے جانے والی چیز ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ وزیراعظم پارلیمنٹ کی لڑائی کو سڑکوں پر لے جانے پر تلا ہوا ہے، حکومت کو بچانے کے لیے آئین کو پامال کرنا ان کی ذہنی حالت کی عکاسی کرتا ہے، جمہوریت اور پاکستان کو مزید غیر مستحکم کرنے سے پہلے وزیراعظم کو گھر جانا چاہیے۔
شیری رحمان نے کہا کہ سیاسی شکست پی ٹی آئی کا انجام بن چکا ہے، اسپیکر کو چاہیے وہ وزیراعظم کو بچانے کی کوششیں بند کریں، تاخیری حربے اب وزیراعظم کو نہیں بچا پائیں گے۔انہوں نے کہا کہ عدالت سے اچھے کی امید رکھنی چاہیے، آئین کو بحال رکھنا چاہیے۔