ممکن ہے وقت سے پہلے انتخابات ہوجائیں، شیخ رشید

لاہور(قدرت روزنامہ) وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کے پاس اگر ہمارے بندے ہیں تو ہمار ے پاس بھی ان کے لوگ ہیں جو ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے، ممکن ہے انتخابات وقت سے قبل ہوجائیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان تاریخی جلسہ 27 مارچ کو پریڈ گراؤنڈ میں کریں گے، 27 مارچ کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہو گا، جے یوآئی کو ان کی ڈیمانڈ کےمطابق جلسے کی اجازت دے دی ہے، تاہم ن لیگ کی ابھی تک جلسے کی کوئی درخواست نہیں آئی ہے، کل کوئی واقعہ ہوا تو وزارت داخلہ ذمہ دار نہیں ہوگا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے گھر کے اندر پسوڑی پڑی ہوئی ہے، ان کا ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دفن ہو چکا ہے، ان بیوقوفوں کی حماقت نے عمران خان کو ہیرو بنا دیا ہے، بلاول کے دودھ کے دانت نہیں ٹوٹے اور کہتا تھا او آئی سی اجلاس نہیں ہوگا، تحریک عدم اعتماد کے روز بھی اپوزیشن کو بڑا سرپرائز ملے گا، میں وزیراعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں، عثمان بزدار سے مل کر آرہا ہوں وہ بھی چٹان کی طرح کھڑا ہے، اتحادی ہمیشہ دیر سے سہی لیکن درست فیصلے کرتے ہیں اور ان سے امید ہے وہ اچھا فیصلہ کریں گے، ایم کیوایم کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اپوزیشن کے پاس اگر ہمارے بندے ہیں تو ہمار ے پاس بھی ان کے لوگ ہیں جو ووٹ ڈالنے نہیں جائیں گے، پارٹی بدلنے سے کوئی عزت نہیں ملتی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آج کے بعد خبریں دوں گا، باخبر آدمی ہوں کوئی کہیں نہیں جارہا، حالات روز بروز بہتری کی طرف آئیں گے، زیراعظم عمران خان خوداری کی لڑائی لڑ رہے ہیں، ممکن ہے وقت سے پہلے انتخابات ہو جائیں، چاہتے ہیں جمہوریت اور ملک آگے بڑھے، جو نسلی اور اصلی ہے وہ پاکستان کے ساتھ ہے۔
وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے، اب اپوزیشن کو فوج کا خیال آگیا بہت اچھی بات ہے، کوئی شک نہیں پاک فوج عظیم فوج اورعدلیہ دوراندیش ہے، ملک میں عظیم افواج کے خلاف پروپیگنڈا برداشت نہیں کریں گے، جو فوج یاعدلیہ مخالف مہم چلائے گا اسے سختی سے کچل دوں گا، ایمرجنسی قانون کا حصہ ہے لیکن عدلیہ کے فیصلےکا احترام کرتے ہیں، میں گورنر راج کا حامی تھا اور وزیراعظم کو اس کی تجویز بھی دی تھی جو وزیراعظم نے مسترد کردی تھی۔

شیخ رشید کی عثمان بزدار سے ملاقات

اس سے قبل لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی، جس میں سیاسی امور، امن عامہ کی صورتحال اور تحریک عدم اعتماد پر تبادلہ کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے اپوزیشن کی جانب سے سیاسی انارکی پھیلانے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے روز اپوزیشن کو بڑا سرپرائز ملے گا، 27مار چ کو اسلام آباد میں عوام کا سمندر ہو گا۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ میر ا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے، صوبے میں عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے ہیں، قانون کی عملداری کو یقینی بنایاگیا ہےوزیراعظم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار عمران خان کے فرنٹ لائن سولجر ہیں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اپنے بچھائے ہوئے جال میں پھنس چکی ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امن وعامہ کی صورتحال اطمینان بخش ہے، قانون ہاتھ میں لینے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی، ن لیگ لانگ مارچ کا شیڈول فراہم کرے۔