تبو سوشل میڈیا کا استعمال کیوں نہیں کرتیں؟

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تبو نے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اپنی ذاتی زندگی کو نجی رکھنا پسند کیا ہے، اسی وجہ سے وہ سوشل میڈیا کا استعمال نہیں کرتیں لیکن لوگ ہر بار اُن سے یہی سوال کرتے ہیں۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں تبو نے کہا کہ ٹوئٹر پر میرا کوئی اکاؤنٹ نہیں ہے اور نہ ہی میں انسٹاگرام پر اپنی ذاتی زندگی کے حوالے سے کچھ شیئر کرتی ہوں کیونکہ مجھے یہ سب پسند نہیں جبکہ آج کی دنیا میں مشہور شخصیات سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک ہیں اور اپنے مداحوں کے ساتھ مسلسل بات چیت کرتی ہیں۔
انٹرویو کے دوران تبو سے پوچھا گیا کہ وہ کون سے سوال ہیں جن کے پوچھے جانے سے آپ تنگ آگئی ہیں؟تبو نے کہا کہ مجھ سے ہمیشہ پوچھا جاتا ہے کہ تُم کہاں غائب تھی؟ یہ سوال مجھے بہت بُرا لگتا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ کچھ سوال جو مجھ سے مسلسل پوچھے جاتے ہیں وہ یہ ہیں کہ آپ ٹوئٹر پر کیوں نہیں ہیں؟ آپ سوشل میڈیا پر اتنے متحرک کیوں نہیں ہیں؟ آپ اپنے فارغ وقت میں کیا کرتی ہیں؟ آپ کو کیسا لگتا ہے جب آپ دیکھتے ہیں کہ دیگر مشہور شخصیات اپنے مداحوں کو سوشل میڈیا پر ہر چیز کے بارے میں اپ ڈیٹ کرتے ہیں؟
تبو نے کہا کہ ٹھیک ہے اگر مشہور شخصیات سوشل میڈیا پر متحرک ہیں کیونکہ یہ اُن اتنخاب ہے، کوئی بھی انسان مجبوری میں سوشل میڈیا پر متحرک نہیں رہتا بلکہ لوگ چیزیں اس لیے کرتے ہیں کہ وہ یہ کرنا چاہتے ہیں، یا وہ سوچتے ہیں کہ ان کے لیے کرنا صحیح ہے۔ اداکارہ سے سوال کیا گیا کہ آپ میڈیا سے بات بھی نہیں کرتیں جب تک کہ آپ کے پاس کوئی پروجیکٹ نہ ہو؟
جواب میں تبو نے کہا کہ میں زیادہ میڈیا کے سامنے آنا پسند نہیں کرتی کیونکہ یہ میری شخصیت ہے۔واضح رہے کہ تبو نے پندرہ سال کی عمر میں فلم ہم نوجوان میں مختصر سے کردار کے ساتھ کیرئیر کا آغاز کیا۔
پہلی بار تبو نے بونی کپور کی فلم پریم میں سنجے کپور کے ساتھ مرکزی کردار ادا کیا اور بہت جلد اپنی شاندار اداکاری کی بدولت انڈسٹری پر چھا گئیں۔ اجے دیوگن کے ساتھ فلم وجے پتھ میں بے مثال اداکاری پر تبو کو فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔
تبو کی دیگر یادگار فلموں میں ساجن چلے، سسرال، جیت، بارڈر، وراثت، بیوی نمبر ون، ہم ساتھ ساتھ ہیں، ہیرا پھیری، چینی کم، بندہ یہ بنداس ہے،رانا اور حیدر شامل ہیں۔ماچس، وراثت اور چاندنی بار کو بھی تبو نے اپنی متاثر کن اداکاری سے مقبول بنایا اور بھارت کے چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما شری سمیت کئی اعزازات پائے۔