کھیل شروع اپوزیشن نے کیا، ختم ہم کریں گے: فواد چودھری

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے کہا ہے کہ ایم این اے کا ووٹ پارٹی کا ووٹ ہے، جن ارکان کی ویڈیوز آئی ہیں ان کے ووٹ کا فیصلہ اسپیکر کی صوابدید ہے، ووٹ بیچنے پر نااہلی سپریم کورٹ کا بڑا اقدام ہوگا، کھیل شروع اپوزیشن نے کیا، ختم ہم کریں گے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر حماد اظہر اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ سندھ ہاؤس کےمعاملے پر بات چیت ہوئی، پولیس کے ایکشن سےعدالت مطمئن ہے اس معاملے کو ختم کر دیا گیا، سندھ ہاؤس کے اندر جس طرح ضمیر فروشی ہوئی اسے روکنا ضروری ہے، ہاؤس کے باہر بچے جذبات پر قابو نہ رکھ سکےاور احتجاج کیا، وہاں جو کھیل کھیلا گیا اس کا ابھی تک مداوا نہیں ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم این اے کا ووٹ پارٹی کا ووٹ ہے، عدالت گدھا، گھوڑا اور خچر ٹریڈنگ پر پابندی لگائے، پاکستان کا مستقبل اس بات سے جڑا ہے کہ عدالت ہارس ٹریڈنگ پر کارروائی کرے، سندھ ہاؤس میں خچر ٹریڈنگ، گھوڑا ٹریڈنگ اور گدھا ٹریڈنگ ہوئی،
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ یہ کیس پاکستان کے سیاسی مستقبل کا ہے، ووٹ بیچنے والے کی تاحیات نا اہلی سپریم کورٹ کا بڑا اقدام ہوگا، مسلم لیگ ق، ایم کیوایم حکومت کا حصہ ہیں، دونوں کے پاس وزارتیں ہیں۔حماد اظہر نے کہا کہ پارٹی لیڈر کے خلاف ووٹ دینا امانت میں خیانت ہے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ عمران خان کے نام پر ووٹ لیا جائے اور اسی کو چھراگھونپ دیا جائے، پی ڈی ایم جمہوری نہیں خریدوفروخت کی تحریک ہے، سندھ ہاؤس میں جو ہوا یہ پاکستان کی سیاسی تاریخ پر ایک دھبہ ہے۔