سوشل میڈیا پر پاک فوج اور عدلیہ مخالف مہم، تحقیقات شروع
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سوشل میڈیا پر پاک فوج اور عدلیہ کے خلاف مہم کے معاملہ پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سائبر کرائمز ونگ نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے کے سائبر کرائم ونگ کی جانب سے تحقیقات کا آغاز وزیر داخلہ کے احکامات موصول ہونے پر کیا گیا ہے، سرکاری تعطیل کے باوجود سائبر کرائم ونگ کے افسران کو دفاتر میں طلب کیا گیا۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سوشل میڈیا پر نفرت انگیز مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس، پیجز کی چھان بین شروع کردی گئی ہے، تحقیقات کا آغاز درخواست نہیں وزارت داخلہ کے احکامات پر ہوا ہے، نفرت انگیز مواد پھیلانے والے اکاؤنٹس کی تعداد کا پتہ چلایا جا رہا ہے، جس کے بعد فوج، عدلیہ مخالف مہم چلانے والے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔