خالد مقبول کے فیصلے پر آنکھ بند کر کے عمل کریں گے: MQM رہنما
کراچی (قدرت روزنامہ)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور وفاقی وزیر امین الحق نے کہا ہے کہ جو بھی فیصلہ ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی اور رابطہ کمیٹی کا ہوگا ہم سب آنکھ بند کر کے اس پر عمل کریں گے۔ایم کیو ایم پاکستان کی خاتون رہنما کشور زہرا اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر امین الحق نے یہ بات کہی۔
اس موقع پر کشور زہرا نے کہا کہ میں میڈیا کی یہ غلط فہمی دور کردوں کہ وہ سمجھ رہے ہوں گے کہ ہم انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پر گامزن ہیں اور یہ دیکھ رہے ہوں گے اپوزیشن کے پاس کتنی سیٹیں ہیں، ویٹ اینڈ سی عوام کے لیے ہے جنہوں نے ہمیں منتخب کر کے یہاں بھیجا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تینوں چیزیں ان کے سامنے رکھی ہیں، ہم پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے ساتھ بھی رہے، اس میں ہمیں کیا ملا اور کیا کھویا، اب پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا ٹائم پورا نہیں ہوا لیکن ان کی بھی چیزیں سامنے موجود ہیں۔کشور زہرا نے کہا کہ ہم گراس روٹس تک جاتے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ 2 دن اور مل گئے، کچھ علاقے، بستیاں، کچھ ساتھی ہمارے ایسے تھے کہ ابھی ان کی جانب سے جواب نہیں آئے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ وزارت تو ہم جہاں بھی رہیں مل سکتی ہے، لیکن وزارت اور گورنر شپ ہمارا مقصد نہیں، ہمارا مقصد ہے کہ ہمارے وجود کو تسلیم کیا جائے، 70 سال سے یہ جدوجہد چل رہی ہے۔ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ ہم نہ سمندر میں ڈوبنے جا رہے ہیں، نہ ہم کہیں اور جا رہے ہیں، اس سر زمین پر اس بستی میں ہم کھڑے ہوئے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں وہی سارے حقوق چاہئیں، جو کبھی 40 فیصد، کبھی 60 فیصد تقسیم کر دیے گئے، کبھی میرٹ کا خاتمہ کر کےختم کر دیے گئے، ہمیں وہی حقوق چاہئیں، ہم انہی حقوق کے لیے کھڑے رہیں گے، ہمیں وزارت نہیں چاہیے۔