مایا خان نے سجل اور احد کی تصاویر شیئر کرنے سے منع کردیا

کراچی (قدرت روزنامہ)اداکارہ و میزبان مایا خان نے سجل علی اور احد رضا میر کی طلاق کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے مداحوں کو جوڑی کی ایک ساتھ تصاویر شیئر کرنے سے منع کردیا۔اداکارہ و میزبان مایا خان نے انسٹاگرام اسٹوریز میں سجل علی اور احد رضا میر کی طلاق کے معاملے پر افواہیں پھیلانے والے افراد کو کہا کہ وہ دونوں اداکاروں کو تنہا چھوڑ دیں۔
انہوں نے یہ درخواست بھی کی کہ وہ جوڑی کی تصاویر شیئر نہ کریں، اللہ دونوں کو اس مشکل وقت میں ہمت عطا فرمائے۔
انہوں نے لکھا کہ دونوں اداکاروں نے اپنا گھر اور پیار کھو دیا، انہیں زندگی کے مشکل وقت میں تنہا چھوڑ دیا جائے۔مایا خان نے لکھا کہ دونوں اپنی محبت کی امید سے بھی محروم ہوگئے مگر لوگ ان کے حوالے سے افواہیں پھیلانے سے باز نہیں آ رہے۔


خیال رہے کہ گزشتہ دنوں او ٹی ٹی پلیٹ فارم یوٹیوب پر ایک لائیو سیشن کے دوران پاکستانی شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی صحافی آمنہ ایسانی اور حسن چوہدری کی جانب سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکارہ سجل علی اور احد رضا میر کے درمیان باقاعدہ طور پر طلاق ہو چکی ہے۔
گزشتہ ایک سال سے اس خوبصورت جوڑی میں علیحدگی سے متعلق خبریں سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہیں اور اب باقاعدہ طلاق کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔اِن خبروں پر تا حال سجل علی اور احد رضا میر کی جانب سے کوئی تسلی بخش تردید یا تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
احد رضا میر نے سجل علی کی چھوٹی بہن اداکارہ صبور علی کی شادی میں بھی شرکت نہیں کی تھی جبکہ یہ جوڑی ایک دوسرے کے آنے والے پروجیکٹس کے پریمیئر شوز میں بھی کافی عرصے سے نظر نہیں آ رہی۔دوسری جانب سجل علی کے اس عمل سے لاکھوں مداح بے حد رنجیدہ اور شش و پنج میں مبتلا نظر آ رہے ہیں۔