عدم اعتماد پر ووٹنگ کب ہوگی ؟ شیخ رشید نے تاریخ کا اعلان کر دیا ،آج کی بڑی خبر

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ تحریک عدم اعتماد پر 3 یا 4 اپریل پر ووٹنگ ہو گی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد والے روز اپوزیشن کے تمام ارکان کی مکمل حفاظت کریں گے، کسی کو نہیں روکا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے ناظم جوکھیو کیس میں نامزد ایم این اے جام عبدالکریم کو دبئی سے لایا جا رہا ہے، قانون کے مطابق انہیں عدالت سے ضمانت لینی چاہیے تھی، ہم انہیں ائیرپورٹ سے گرفتار کریں گے، ڈی جی ایف آئی اے کو کہا ہے کہ جام عبدالکریم کو گرفتار کریں، سندھ پولیس کے آئی جی کو بھی ہدایت کی ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سب کو جلسے کی اجازت ہے لیکن سب کان کھول کر سن لیں کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی،

جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا قانون اسے ہاتھ میں لے گا۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا میں نے عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ ہمیں غریب پرور بجٹ پیش کرنا چاہیے اور قبل از وقت انتخابات کی طرف جانا چاہیے۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ اپوزیشن بے وقوف ہے، انہوں نے عمران خان کو انہوں نے مقبولیت کی معراج پر پہنچا دیا ہے، شہر کی فضا عمران خان کے حق میں بدل چکی ہے اور تحریک عدم اعتماد کے روز عمران خان ہی جیتے گا۔قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف سوشل میڈیا مہم کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ میں نے ڈی جی ایف آئی اے سے کہا ہے کہ جو بھی پاکستان کی عظیم افواج کے خلاف بکواس کر رہے ہیں انہیں حراست میں لیا جائے۔