پی ٹی آئی یا کسی دیگر پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ اپنے ووٹرز پر چھوڑ دیا: چوہدری نثار

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنماچوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی یا کسی دیگر جماعت میں شمولیت کا فیصلہ اپنے ووٹرز پر چھوڑ دیا ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ انہیں پی ٹی آئی کے 27 مارچ کو اسلام آباد میں ہونے والے جلسے میں شرکت کی نہ ہی دعوت ملی ہے اور نہ ہی وہ اس میں شریک ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ وقتی فائدہ اٹھانے کیلئے پارٹیاں بدلنے والوں میں سے نہیں ہوں، مستقبل میں سیاسی جماعت میں شمولیت کے حوالے سے فیصلہ اپنے ووٹرز پر چھوڑ چکا ہوں۔
چوہدری نثار نے کہا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں ن لیگ کا ٹکٹ نہ دیے جانے پر دیگر کسی پارٹی میں شامل نہیں ہوا اور نہ ہی مجھے کوئی پارٹی جوائن کرنے کی جلدی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ووٹرز نے مجھے اپنی کشتی کا ملاح بنایا ہے، کشتی کو کس جانب لے کر چلنا ہے اس کا فیصلہ اپنے ووٹرز کی مشاورت سے ہی کرونگا، اگر ووٹرز نے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لینے کی خواہش ظاہر کی تو اسی پر عمل کرونگا۔