وزیراعظم کی ریاست گالی اور جادو پر مبنی ہے: بلاول بھٹو زرداری
پارا چنار(قدرت روزنامہ)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پارا چنار جلسے میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پر برس پڑے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم کی ریاست گالی اور جادو پر مبنی ہے، کوئی عمران خان کو وزیراعظم بنانے کی غلطی ماننے کو تیار نہیں۔
انہوں نے پارا چنار میں خطاب کرتے ہوئےکہا کہ یہ آپ کا نہیں کسی اور کا وزیراعظم ہے، ہم پہلے دن سے اس سلیکٹڈ اور دھاندلی زدہ حکومت کو نہیں مانتے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ اس شخص نے معیشت تباہ کی، جان بوجھ کر وہ معاشی پالیسی اپنائی جو امیروں کو ریلیف اور عوام کو تکلیف دے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ کھلاڑی کو سیاست میں نہیں لانا چاہے تھا۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پاراچنار اسپورٹس کمپلیکس میں جلسے سے خطاب کرنے بذریعہ ہیلی کاپٹرجلسہ گاہ پہنچے تھے۔پارہ چنار آمد پر بلاول بھٹو زرداری بچوں سے بھی ملے، بچوں نے بلاول کو پھول پیش کیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے جلسہ گاہ میں موجود پشاور دھماکے کے متاثرین سے ملاقات کی۔اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے، پشاور دھماکے کے متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔