نورعالم خان نے PTIکے شوکاز کا جواب دیدیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ناراض حکومتی ایم این اے نور عالم خان نے اپنی جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے شوکاز کا جواب دے دیا۔نورعالم خان کو پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے شوکاز جاری کیا تھا۔
نور عالم خان نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد اور غیر حقیقی ہیں۔
انہوں نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ میں نے کوئی ایسا انٹرویو میڈیا میں نہیں دیا جس کی وضاحت کی ضرورت پڑے۔ناراض پی ٹی آئی ایم این اے نے اپنے جواب میں کہا ہے کہ میں نے پی ٹی آئی کو چھوڑا ہے نہ ہی پارلیمانی پارٹی سے الگ ہوا ہوں، مجھ پر آئین کے آرٹیکل 63 اے کا ہرگز اطلاق نہیں ہوتا۔
نور عالم خان کا جواب میں کہنا ہے کہ شوکاز میں لگائے گئے الزمات کی سختی سے تردید کرتا ہوں، تمام الزامات غلط ہیں، لہٰذا ذاتی پیشی کی ضرورت بھی محسوس نہیں کرتا۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ناراض ارکان کو 26 مارچ تک شوکاز نوٹسز کا جواب دینے کی مہلت دی گئی تھی۔