توہین آمیز الفاظ سے متعلق کیس: پولیس کے ساتھ تعاون نہ کرنے پر بھارتی اداکارہ گرفتار
بھارت(قدرت روزنامہ)جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والی اداکارہ میرا متھن کو نچلی ذات کے ہندوؤں کے خلاف توہین آمیز الفاظ استعمال کرنے کے کیس میں گرفتار کرلیا گیا۔ انہیں ایک سال قبل تامل فلم انڈسٹری میں کام کرنے والے دوسری برادری کے لوگوں کے خلاف توہین آمیز الفاظ کہنے پر کیرالہ میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
بعدازاں انہیں گزشتہ برس ہی ضمانت پر رہا بھی کردیا گیا تھا۔ تاہم اب بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ میرا متھن کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ان کے بارے میں بتایا جارہا ہے کہ وہ اپنے خلاف کیس میں نہ ہی عدالت میں پیش ہوئیں اور نہ انہوں نے پولیس کے ساتھ کوئی تعاون کیا۔ اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انہیں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، انہیں ہر ہفتے پولیس تھانے میں پیش ہوکر دستخط کرنے ہوتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اداکارہ مفرور ہوئیں اور پھر ان کے خلاف ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتار جاری کردیے گئے تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ انہیں ایک روز قبل اس وقت گرفتار کیا گیا جب چنئی کی سیشن عدالت نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور سائبر کرائم کو انہیں گرفتار کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے بعد متعلقہ ادارے نے اداکارہ کو گرفتار کرلیا جبکہ انہیں اب 14 پاریل کو عدالت میں پیش کیا جائے گا۔