اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر مرکزی رہنما و چیئرمین پبلک اکاؤنٹ کمیٹی رانا تنویر حسین نے نواز شریف کی وطن واپسی کے حوالے سے اہم اعلان کر دیا . تفصیلات کے مطابق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ میاں نواز شریف جلد پاکستان پہنچ جائیں گے .
نجی ٹی وی جیو کے مطابق مریدکے جی ٹی روڈ پر مسلم لیگ ن کے لانگ مارچ کے لیے لگائے استقبالیہ کیمپ سے خطاب میں رانا تنویر حسین نے کہا کہ مہنگائی مارچ اسلام آباد پہنچنے سے پہلے تبدیلی کا نیا دور شروع ہوگا، ہم پہلے سے
کہہ رہے تھے کہ پی ٹی آئی کے 30، 35 اراکین ڈیڑھ سال سے ہم سے رابطے میں ہیں، اس وقت انہوں نے اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے . رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف جلد پاکستان میں ہوں گے جبکہ چوہدری برادران اور ہماری بہت سی باتیں زیر غور ہیں، ایک دو دن میں فیصلہ ہو جائے گا، ایم کیو ایم بھی ایک دو روز میں فیصلہ کرلے گی . دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت جا چکی ہے ہم تو صرف اسے خدا حافظ کہنے جارہے ہیں، جس کا اپنی پارٹی ساتھ چھوڑ گئی ہے اس کے اتحادی کیوں چپکے رہیں گے ، اتحادیوں نے بھی اگلے انتخابات میں ووٹ مانگنے جانا ہے ،عمران خان کے نام پر دھتکارا تو جا سکتا ہے انڈے او رٹماٹر تو پڑ سکتے ہیں لیکن ووٹ نہیں پڑ سکتے ، فرح خان بنی گالہ کی فرنٹ مین ہے جس کے بہت جلد ثبوت عوام کے سامنے آئیں گے ، یہ سارے سکینڈلز کا باپ ہے . مہنگائی مکائو مارچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کا جو رد عمل آیا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام اس نا اہل اور نا کام حکومت سے کس قدر تنگ ہیں ،حکومت کے خلاف اقدام اپوزیشن نے نہیں لیا بلکہ عوام نے لیاہے ،عمران خان کی اپنی جماعت کے لوگوں نے لیا ہے ،اس کی جو تاریخی ناکامی ہے اس کا بوجھ اب کوئی نہیں اٹھا سکتا،اپوزیشن تو لیٹ ہو گئی ہے عوام پہلے آگے چلے گئے ہیں ،عمران کی پارٹی پہلے آگے چلی گئی ہے . انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک جھوٹا شخص ہے اس کی کسی بات کا قوم کو یقین نہیں ہے ،یہ وہی پینتیس پنکچر والا ، ایک کروڑ نوکریاں والا، پچاس لاکھ گھراورنو دنوں میں کرپشن ختم کرنے والا شخص ہے . انہوں نے کہا کہ اس کے پاس کوئی ٹرمپ کارڈ نہیں ہے ،اس کی عزت اسی میں ہے کہ سامان باندھے اور چلتا بنے ، عمران خان کی حکومت تو جا چکی ہے ،عوام روزانہ اس کی چیخیں سن رہے ہیں، میں نے کہا تھااب تمہیں بچانے کوئی نہیں آئے گا ،ہم تو اسے خدا حافظ کہنے جارہے ہیں . انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جوتباہی کی ہے جو بربادی کی ہے اس کو درست کرنے میںوقت لگے گا . ا نہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف خدمت کا نام ہے ،مسلم لیگ (ن) خدمت کا نشان ہے ، مسلم لیگ (ن) کو جب بھی حکومت ملی اس نے ملک کوترقی کی راستے پر ڈالا ہے ، مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئے گی تو ملک کے حالات بہتر ہوں گے اورغریب کو ریلیف ملے گا . انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے جو سکینڈلز بن گئے ہوئے ہیں ان کا صرف منظر عام پر آنا باقی ہے بلکہ کئی آ چکے ہیں، ہم نے کوئی سکینڈلز نہیں بنانے ، اب صرف حساب کتاب کا وقت باقی ہے ، عمران خان نہ میرے نہ شہباز شریف کے مجرم ہیں بلکہ وہ عوام کے مجرم ہیں او رعوام اس کا حساب لیں گے . مریم نواز نے کہا کہ فرح خان بنی گالہ کی فرنٹ مین ہے جس کے بہت جلد ثبوت عوام کے سامنے آئیں گے ، یہ سارے سکینڈلز کا باپ ہے ، کوئی بھی ترقی ، تبادلہ اس کو رشوت دئیے بغیر نہیں ہوتا تھا، جب کبھی کوئی پھنس جاتا تو فون براہ راست وزیراعظم ہائوس سے آتا ہے، اس سکینڈل کے سامنے تاریخ کے سارے سکینڈلز مانند پڑ جائیں گے . انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ نواز شریف بہت جلد آنے والے ہیں ،عوام تو انہیں آوازیں دے رہے ہیں . انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتی کوئی بھی ذی شعور ،عقل رکھنے والا سیاسی سمجھ بوجھ رکھنے والا شخص عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو ، جس کا اپنی پارٹی ساتھ چھوڑ گئی ہے اس کے اتحادی کیوں چپکے رہیں گے اتحادیوں نے بھی اگلے انتخابات میں ووٹ مانگنے جانا ہے ، عمران خان کے نام پر دھتکارے تو جا سکتے ہیں،انڈے اورٹماٹر تو پڑ سکتے ہیں لیکن ووٹ نہیں پڑیں گے . انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان کے خلاف کوئی بیرونی سازش ہے تو اس کا نام عمران خان ہے ،کرسی پر رہتے ہوئے اس کی اپنی پارٹی ناک کے نیچے سے بھاگ گئی ہے ،یہ کون سی سازش ہے ، یہ اتنی بڑی شخصیت نہیں کہ دنیا کو اس کے لئے سازش کرنا پڑے ، یہ خود ہی اپنے لئے کافی ہے . انہوں نے پنجاب کی وزارت اعلیٰ (ق) لیگ کو دینے کے حوالے سے کہا کہ جب فیصلہ ہوگا تو سامنے آ جائے گا . انہوں نے کہا کہ تبدیلی تو آ چکی ہے صرف اعلان باقی ہے .
. .