کراچی میں مکان پر قبضہ کرنیوالے سابق ڈی آئی جی کو 3 سال قید اور جرمانہ

کراچی(قدرت روزنامہ)ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے گلستان جوہر بلاک 7 میں 240 گز کے مکان پر غیر قانونی قبضے سے متعلق دعوے پر سابق ڈی آئی جی سائیں رکھیو کو 3 سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزا سنادی۔
سٹی کورٹ میں گلستان جوہر بلاک 7 میں 240 گز کے مکان پر غیر قانونی قبضے سے متعلق دعوے کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق ڈی آئی جی سائیں رکھیو کو 3 سال قید کی سزا سنادی، عدالت نے ملزم پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔
عدالت نے حکم دیا ہے کہ ملزم نے جب سے گھر پر قبضہ کیا ہوا تھا اس وقت سے 15 ہزار روپے ماہانہ کے حساب سے کرایہ ادا کرے، عدالت نے ملزم سابق ڈی آئی جی کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے ایس ایچ او گلستان جوہر کو عدالتی احکامات پر عملدرآمد کا بھی حکم دے دیا، عدالت نے ایس ایچ او گلستان جوہر کو مکان کا قبضہ درخواست گزار کو دلوانے کی بھی ہدایت کردی۔
دعوے میں کہا گیا تھا کہ گلستان جوہر بلاک نمبر 7 میں 240 گز کا مکان اکتوبر 2016 میں خریدا تھا، کچھ عرصے بعد پولیس اہلکاروں نے ڈی آئی جی سائیں رکھیو کے کہنے پر مکان کے تالے توڑ کر قبضہ کرلیا، ملزم کے وکیل نے کہا تھا کہ سائیں رکھیو میرانی نے مکان پر قبضہ نہیں کیا ۔