عمران خان صادق اور امین ہیں، احمد علی بٹ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کے ستارے بھی وزیراعظم عمران خان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے سامنے آگئے ہیں اور ایسے میں اداکار و میزبان احمد علی بٹ نے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا کہ عمران خان صادق اور امین ہیں۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر جاری کی گئی اسٹوری میں احمد علی بٹ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کے مشکل وقت میں بہت کچھ کیا ہے۔
احمد علی بٹ نے کہا کہ عمران خان صحت اور تعلیم کے شعبے کے لیے بہت کام کیا اور صرف اُن کی وجہ سے ہی ہمارے پاسپورٹ اور پاک فوج کو عزت ملی۔اداکار نے یہ بھی کہا کہ عمران خان صادق اور امین ہیں، اُن کی وجہ سے ہماری ملکی معیشت میں بہتری آئی ہے، اُنہوں نے اقتدار میں آنے سے پہلے بھی ملک کے لیے بہت کچھ کیا۔
اُنہوں نے خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اپنا دورِ حکومت مکمل کریں اور دُعا ہے کہ اگلی حکومت بھی عمران خان کی ہی ہو۔اُن کا مزید کہنا تھا کہ اگر ابھی عمران خان چلے گئے تو یہ اُن کی بدقسمتی ہوگی۔