شیخ رشید ملک کے وزیر داخلہ ہیں یا گلی کے غنڈے، شازیہ مری

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ شیخ رشید ملک کے وزیر داخلہ ہیں یا گلی کے غنڈے، سب کو پتا ہے یہ کتنے بڑے طرم خان ہیں۔شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر شازیہ مری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گیدڑ بھبکیاں نہ ماریں اور دھمکیاں اپنے گھر میں سنبھال کر رکھیں۔
انہوں نے کہا کہ شیخ رشید حالات کو تبدیل ہوتا دیکھ کر کب پتلی گلی سے نکل جائیں، شیخ رشید کی سیاست آمروں کے بوٹ پالش سے شروع اور سلیکٹڈ کی جوتیاں اٹھانے پر ختم ہوتی ہے۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ عوام کی عدم دلچسپی کا بھانڈہ کیا پھوٹا، میڈیا کو کوریج کی اجازت ہی نہیں دی جارہی، پی ٹی آئی پہلے سیاسی جماعت تھی نہ آج ہے، یہ چوں چوں کا باسی مربہ ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ بلاول کو خبردار کر رہا ہوں کہ وزیرِ اعظم عمران خان کے خاندان کے بارے میں بات نہ کریں۔